وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار رمضان المبارک میں مستحق افراد کو مفت آٹے کی فراہمی کے لیے ریلیف پیکج تیار کیا گیا ہے۔
پیر کو لاہور میں رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پنجاب کے 15.8 ملین خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی تقسیم پچاسی سو یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے کی جائے گی اور عوام کی سہولت کے لیے بیس ہزار پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی اہلیت کو ایس ایم ایس کے ذریعے چیک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آٹے کی چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔